مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے جنگ میں مزاحمت کی اور مخالف فریق کو کامیابی حاصل نہیں کرنے دی، اس لیے سفارت کاری کے میدان میں بھی ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کیا جا سکتا جس کے ذریعے اپنی فتح مخالف فریق کے حوالے کر دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک اہم نکتے پر سب کا اتفاق ہے کہ ایران ایک اچھے، شرافتمندانہ اور باعزت معاہدے کا خواہاں ہے۔ کوئی بھی ایسا معاہدہ نہیں چاہتا جو ہماری عزت و وقار کو نقصان پہنچائے۔ جس طرح ہم نے جنگ میں کامیابی حاصل کی، اسی طرح معاہدے میں بھی ہمیں کامیاب ہونا چاہیے۔
عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کے مطالبات برحق ہیں۔ ہمارے خلاف جنگ مسلط کی گئی اور ایسے وقت میں ہم پر حملہ کیا گیا جب ہم مذاکرات کر رہے تھے، حالانکہ اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں تھا۔ کوئی اس حقیقت سے انکار نہیں کر سکتا کہ ہم دو مرتبہ مذاکرات میں مصروف تھے اور دونوں مرتبہ ہم پر حملہ کیا گیا۔ تیسری مرتبہ بھی مذاکرات ہوئے، معاہدہ طے پایا اور اس پر عمل درآمد شروع ہوا، لیکن مخالف فریق نے پھر اس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اور جنگ شروع کر دی۔ اس طرح گزشتہ دو برسوں میں ہم تین مرتبہ مذاکرات اور جنگ کا تجربہ کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم ’’نہ جنگ، نہ امن‘‘ کی صورتحال سے نکلنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ ایسے حالات پیدا ہوں جن میں ہمیں یقین ہو کہ دوبارہ جنگ نہیں چھڑے گی اور ہم پھر اسی غیر یقینی صورتحال سے دوچار نہیں ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ حالات سازگار ہونے کا انتظار کیا جائے تاکہ کامیاب نتیجے تک پہنچا جا سکے۔
عراقچی نے سوال اٹھایا کہ آج ایسا معاہدہ کرنے کا کیا فائدہ جس کی دو ماہ بعد خلاف ورزی ہو جائے اور جنگ دوبارہ شروع ہو جائے؟ آخری مرتبہ بھی معاہدے کے صرف 15 دن بعد جنگ شروع ہوگئی تھی۔ اسی طرح 12 روزہ جنگ اور 40 روزہ جنگ کے درمیان بھی تقریباً آٹھ ماہ کا وقفہ تھا۔ لہٰذا ہمیں ایسا مستقل اور حتمی معاہدہ کرنا ہوگا جس کے بعد دوبارہ جنگ کی نوبت نہ آئے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’نہ جنگ، نہ امن‘‘ کی صورتحال سے نکلنا اور معاہدے تک پہنچنا یقیناً مطلوب ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ معاہدہ اچھا ہو۔ محض موجودہ صورتحال سے نکلنے کے لیے ہر قسم کا معاہدہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔ اس معاملے کی پیچیدگیوں کو درست طور پر سمجھنا ضروری ہے۔
عراقچی نے امریکہ کے ساتھ بالواسطہ رابطوں کے حوالے سے کہا کہ قطر اور پاکستان ثالث کی حیثیت سے ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات پہنچا رہے ہیں، مختلف تجاویز اور خیالات پیش کر رہے ہیں اور ان پر بات چیت ہو رہی ہے۔ ثالثوں کی ذمہ داری ہی یہی ہوتی ہے کہ وہ دونوں فریقوں کے درمیان رابطہ رکھیں اور کسی درمیانی حل تک پہنچنے کی کوشش کریں۔ لہٰذا یہ سفارتی سرگرمیاں اور آمد و رفت بالکل معمول کی بات ہے اور ثالث اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ قطر یا دوسرے ممالک سے ایران آنے والا ہر طیارہ لازماً مذاکرات کاروں یا ثالثوں کو لے کر نہیں آتا۔ پروازوں کے مسائل کی وجہ سے اس وقت ہمارے بہت سے اقتصادی وفود کے علاقائی ممالک کے دورے چارٹر پروازوں کے ذریعے ہو رہے ہیں۔ بعض اوقات علاقائی ممالک اپنے طیارے بھی فراہم کرتے ہیں تاکہ ہمارے وفود کو لے جایا اور واپس لایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اور علاقائی ممالک کے درمیان اقتصادی لین دین بھی جاری ہے۔
عراقچی نے کہا کہ ایران نے ثالثی کے سلسلے میں ہونے والی ملاقاتوں اور رابطوں کو کبھی خفیہ نہیں رکھا۔ مثال کے طور پر پاکستان کے حالیہ دورے کے دوران جنرل عاصم منیر سے ان کی ملاقات ہوئی، جس کا باضابطہ اعلان بھی کیا گیا۔ اسی طرح قطری وفد سے ملاقات بھی کوئی خفیہ معاملہ نہیں تھا۔ ان ملاقاتوں کو چھپانے کی کوئی وجہ نہیں، کیونکہ پیغامات، تجاویز اور خیالات کا تبادلہ ثالثوں کی معمول کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے رابطے فی الحال صرف قطر اور پاکستان تک محدود ہیں، جبکہ دیگر ممالک کے حوالے سے سامنے آنے والی باتیں محض قیاس آرائیاں ہیں۔ بعض ممالک اس عمل میں خود کو شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن فی الحال ایران موجودہ ثالثوں کو تبدیل کرنے، ان کی تعداد کم کرنے یا کسی نئے ثالث کو شامل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا۔ موجودہ سفارتی عمل جاری ہے اور پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ